واشنگٹن : امریکی تھنک ٹینک کارنیگی سینٹر میں بلوچستان کے حوالے سے منعقد ہونے والے مباحثے میں ایک بھارت نواز تجزیہ کارنے پاکستانی صحافیوں کو آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے خوب ہنگامہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی تھنک ٹینک میں بلوچستان کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے ایک مباحثے میں پاکستانی صحافی ملک سراج اکبر، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی وحید بلوچ، امریکی سینیٹر پال اسٹراس ، ڈائریکٹر ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگرنے شرکت کی۔
شرکاء نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تاہم پاکستان سے بھاگے ہوئے ایک تجزیہ کار طارق فتح کانفرنس کے دوران موجود پاکستانی صحافیوں کو آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیتے رہے اور جب ان سے سوال پوچھنے کی جسارت کی گئی تو غصے میں آپے سے باہر ہوگئے۔
بھارت نواز تجزیہ کارطارق فتح پوری کانفرنس کے دوران پاکستانی صحافیوں اور پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے تاہم طار ق فتح کی ہلڑ بازی پر سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی وحید بلوچ نے کانفرنس کے شرکاء سے معذرت کی۔
اس موقع پرملک سراج اکبر نے بھی طارق فتح کے رویے کو افسوس ناک قرار دیا۔ شرکاء کے مطابق بلوچستان کی نمائندگی جب کوئی پنجابی کرے گا تو اسی طرح کے حالات پیدا ہوں گے۔
کانفرنس میں بلوچستان میں آزادی صحافت اور انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔