ہری پور: رکنِ صوبائی گوہر نواز خان نے اپنے محافظوں کے ہمراہ مبینہ طور پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا،زخمی نوجوان کی درخواست پر ’’ایف آئی آر‘‘ درج کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور سے قومی وطن پارٹی کے رکنِ اسمبلی نے اپنے محافظوں کے ہمراہ مبینہ طور پرایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا،زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی نوجوان کو طبی امداد دے کر ہسپتال سے خارج کردیا گیا۔
اس موقع پرزخمی نوجوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے گوہر نواز اپنے محافظوں کے ساتھ مل کر گاڑی کو راستے نہ ملنے پر اس کو تشدد کا نشانہ
بنایا،حالانکہ میں اپنی لین پر تھا،رکنِ اسمبلی نے نہ صرف مجھے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ٹریفک قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ،قریبی تھانہ میں واقعہ کی ’’ایف آئی آر‘‘ درج کرادی گئی ہے۔
رابطہ کرنے پرڈی ایس پی کوٹ نجیب اللہ اعجاز خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانون سے بالا تر کوئی نہیں،زخمی نوجوان کی میڈیکل رپورٹ وصول ہونے کے مطابق قانونی کاروائی کی جائے گی۔
دوسری طرف رکنِ اسمبلی کے خاندانی ذرائع نے کہا ہے کہ واقعے کے وقت ایم پی اے موجود نہیں تھے اور ایف آئی آر میں ان کا غلط نام دے کر اُن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔