لاہور: علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی مبارکباد دینے کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں سے کسی نے وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ نہیں، پارلیمانی کمیٹی ایک دو روز میں قائم کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دینے آیا ہوں ، یوسف رضا گیلانی قابل احترام سینیئر سیاستدان ہیں،ان سے قومی اسمبلی کے امور چلانے سے متعلق رہنمائی لی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا متحدہ اپوزیشن میں شامل کسی جماعت نے ٹی او آرز کی تشکیل سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل تک کسی مقام پر وزیرِ اعظم سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ نہیں کیا،البتہ اپوزیشن تحقیقات کا ضرور مطالبہ کررہی ہے جس کی منظوری قومی اسمبلی میں دی جا چکی ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر تعطل کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہپارلیمانی کمیٹی کے لیے اپوزیشن ٹیم کے نام آچکے ہیں،تاہم حکومتی ٹیم کے نام نہیں ملے،امکان ہے کہ کل تک نام مل جائیں گے اور اگلے دو روز میں کمیٹی قائم کر دی جائے گی ۔
وزیرِ اعظم کی برطانیہ روانگی کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ لندن میں وزیر اعظم طبی معائنے کے علاوہ سیاسی ملاقاتیں بھی کرینگے یا نہیں؟ انہیں یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم لندن اپنے خرچے پر گئے ہیں یا عوام کے پیسوں پر؟ البتہ وفاقی وزیر اطلاعات پر ویز رشید اس بارے میں بہتر بتا سکتے ہیں۔