واشنگٹن : امریکا نے تحریک طالبان پاکستان کے طارق گیدڑ گروپ اور جماعت الدعوۃ القرآن کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق طارق گیڈر گروپ آرمی پبلک اسکول پشاور، باچا خان یونیورسٹی اور شمالی وزیرستان سے 2008 میں اغواء کے بعد قتل ہونے والے برطانوی صحافی پالش جیلوجسٹ و دیگر کارروائیوں میں ملوث ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی کا ماسٹر مائنڈ عمر منصور اس گروپ کا سربراہ ہے اور درہِ آدم خیل سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔
امریکی حکام نے دوسرے مذکورہ دہشت گروپ جماعت الدعوۃ القرآن کو عالمی دہشت گردتنظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروپ اس وقت پشاور سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اس کے عالمی دہشت گرد تنظیمیں القاعدہ ، لشکر طیبہ سے ساتھ بھی گہرے مراسم ہیں، جماعت الدعوۃ القرآن افغانستان میں سینکڑوں دہشت گرد کاروائیوں کی بھی ذمہ دار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون جاری رہے گا۔