سری لنکن فاسٹ بولر شمندا ایرنگا کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔
انگلینڈ کے خلاف چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں فیلڈ امپائر نے شمندا ایرنگا کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا۔
آئی سی سی کے مطابق میچ آفیشلز کی رپورٹ سری لنکن ٹیم کو پیش کردی گئی ہے۔ سری لنکن فاسٹ بولر کو آئندہ 14 روز کے اندر آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری سے بولنگ کی جانچ کروانا ہوگی۔
قوانین کے مطابق ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک شمندا بولنگ کروا سکتے ہیں۔ وہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے اسی صورت میں دستیاب ہوں گے اگر ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی ثابت نہیں ہوتا۔
شمندا ایرنگا 2011 میں اپنے ڈیبیو سے اب تک 18 ٹیسٹ میچز میں 53 وکٹس لے چکے ہیں۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بولر کو بال کرواتے ہوئے اپنا بازو سیدھا رکھنا ہوتا ہے تاکہ اس کی کروائی جانے والی بال ’بال‘ رہے۔ بازو ٹیڑھا ہونے کی صورت میں بال زیادہ رفتار سے بیٹسمین تک جاسکتی ہے جس سے بیٹسمین کو خطرہ ہوسکتا ہے۔