ایبٹ آباد : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت نیا پولیس ایکٹ لارہی ہے جس کے تحت صوبائی پولیس بلدیاتی نظام کے ماتحت کام کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام ہرنو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ 15 روز کے اندر خود مختار بلدیاتی نظام کو پورے صوبے میں مکمل طاقتور کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے تمام اسپتالوں میں عوام کے لیے جلد ہی ایمرجنسی سہولت بالکل مفت فراہم کی جائے گی، تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے 40 ہزار اساتذہ بھرتی کیے جارہے ہیں۔
پرویز خٹک نے بتایا کہ بیس ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا جاچکا ہے جبکہ بقیہ اساتذہ کو اگلے دو سال میں بھرتی کیا جائے گا جبکہ ایبٹ آباد کے علاقے لورہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے گلیات میں ریسکیو 1122 اور ہرنو پارک بنانے کی منظوری دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے جلسے کے اختتام پر ایبٹ آباد کے علاقے مکول میں قتل ہونے والی عنبرین کے بھائی کو سرکاری ملازمت کا تقرر نامہ جاری کیا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعلان کیا۔