اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے 4 روز یعنی پیر سے جمعرات کے دوران شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض جگہوں پر درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں کے شہری اپنا خاص خیال رکھیں کیونکہ 4 دن تک قیامت خیز گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج سے جمعرات تک موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ہیٹ ویو سے بچاؤ کے طریقے *
ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے سب سے پہلے شدید گرمی کے زیر اثر آئیں گے۔ ان علاقوں میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، نصیر آباد ڈویژن شامل ہیں۔ پیر سے جمعرات کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں، وسطی اور جنوبی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، سبی اور مکران ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم شام / رات میں کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز / گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی ہیٹ ویو: اسے ہوّا مت بنائیں *
گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: نور پور تھل، بھکر، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ 48، دادو، جیکب آباد، بہاولنگر، سبی، شہید بینظیر آباد 47، لاہور، اوکاڑہ، بہاولپور، جوہر آباد، ساہیوال، سرگودھا، جہلم، پڈعیدن، روہڑی، موہنجودڑو، حیدرآباد 46 ڈگری سینٹی گریڈ۔