کراچی : شہر قائد میں بھتہ خوری کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ بھی آن ہوگیا ،گلشن اقبال میں کلینک پر فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا، دیگر واقعات میں تین افراد جان سے گئے۔ پولیس نے کارروائیاں کرکے معتدد ملزمان اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھتہ خوری کے ساتھ ٹارگٹ کلر بھی سرگرم ہوگئے۔ گلشن اقبال میں کلینک میں بیٹھے ڈاکٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈاکٹرعبدالخالق گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد نے کلینک پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کردیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک کے سامنے سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں، دیگر فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں لیاری شاہ بیگ لین میں فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا۔
کورنگی کے ڈی اے چورنگی پر فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ کورنگی میں بھی ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والوں نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ بریگیڈ پولیس نے کارروائی کرکے چار ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کا تعلق مذہبی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان چار افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں ۔ ملزمان بھتہ خوری میں بھی ملوث رہے۔
گرفتار ملزمان نے پاکستان بازار میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی اور بھتہ نہ دینے پر دواسکولوں پر دستی بم حملے کئے، نیو وائرلیس گیٹ سے بھی ٹارگٹ کلر دھرلیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے کریم بم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ جمشید کوارٹر سے بھی تین ملزمان گرفتار کئے گئے۔