لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی ارتھر نے کہا ہے کہ کارکردگی بہتر بنانے کے لئے فیلڈنگ اور بولنگ کوچ کو سخت پریکٹس کی ہدایات کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور یونس خان روزہ رکھنے کے باوجود سخت پریکٹس کررہے ہیں ، رمضان المبارک میں دونوں کھلاڑیوں کے نظم و ضبط نے بہت متاثر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا تو دونوں نے اصرار کیا کہ ’’ہم پریکٹس سیشن میں کسی مرحلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے بس آپ روزہ رکھنے کی اجازت دیں ‘‘، لاہور سے انگلینڈ روانگی کے وقت دونوں کھلاڑی روزے کی حالت میں تھے، روزے کے باوجود دونوں کھلاڑی سخت پریکٹس میں حصہ لے رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔
مکی ارتھر نے کہا کہ بولنگ کوچ مشتاق احمد کو بولر کی سخت پریکٹس کی ہدایات کردی ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بہتری لانے کے لئے اسٹیور کسن سخت محنت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں : دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹ ٹیم ایدھی فاونڈیشن کا لوگو استعمال کرے گی
واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ سیریز پر موجود ہے جہاں وہ اپنے حریف کے ساتھ پاکستانی 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی، سیریز کے آغاز سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں نے ہیمپشائر میں بھرپور ٹریننگ کی ہے، سیریز کا پہلا میچ 14 جولائی کو لارڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔