کراچی : پیپلز پارٹی کے سنیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کرنے پر اپنا نام تبدیل کرلیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر طنز کے تیر برسادئیے،انہوں نے شہباز شریف پر تیر چلاتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر نام بدلنے کا دعویٰ کیا تھا اب ان کو چاہیئے وہ نام بدل لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، ملک میں وزیرقانون تو ہے مگر قانون نام کی چیز نہیں۔
سینیٹرسعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار تو اعتراف کر چکے ہیں کہ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اپنی مرضی سے بیرون ملک مقیم ہیں اور اپنی مرضی سے ہی واپس آئیں گے، مخالفین کو زیادہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پنجاب کاہر میگا پروجیکٹ کرپشن کی کہانی بیان کررہا ہے اور ہرکہانی میں چہرہ شہباز شریف کا ہے۔