پیرس : یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال نے ویلز کو باآسانی صفر کے مقابلے میں 2گول سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
فرانسیسی شہر لیون میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل کا آغاز دونوں ٹیموں نے محتاط انداز سے کیا، ابتدائی منٹوں میں رونالڈو نے گول اسکور کرنے کا چانس گنوا دیا، ویلز کے اسٹار کھلاڑی گیرتھ بیل نے بھی کئی شاندار موو بنائے۔
دونوں ٹیموں کو کئی مواقع ملنے کے باوجود پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی پرتگال کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا۔
کرسٹیانورونالڈ نے 50ویں منٹ میں ہیڈر پر گول کرکے پرتگال کا کھاتا کھولا، تین منٹ بعد ہی لوئس نانی نے اپنے کپتان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دوسرا گول داغا، 2گول کی سبقت حاصل کرتے ہی پرتگال کی ٹیم نے تابڑتوڑ حملے شروع کردیے۔
دوسرے ہاف میں پرتگال کی ٹیم کھیل پرپوری طرح چھائی رہی اور ویلز کو دباؤ میں رکھ کر صفر کے مقابلے میں 2گول سے میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
یوروکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل میزبان فرانس اور جرمنی کے درمیان کھیلاجائے گا۔