اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں نامعلوم موٹر سائیکل کی فائرنگ سے امام مسجد کی اہلیہ جاں بحق جب کہ امام مسجد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بنی گالہ کی مسجد کے امام اپنی اہلیہ کے ہمراہ کسی کام سے جا رہے تھے کہ سر راہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انہیں روک کر اُن پر فائرنگ کردی،فائرنگ سے دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ادارے نے موقع پر فوری طور پر پہنچ کر زخمی امام مسجد اور اُن کی اہلیہ کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امام صاحب کی اہلیہ جاں بحق ہو گئیں جب کہ امام صاحب کی حالت نہایت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں، ابتدائی تحقیقات سے فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تا ہم پولیس کا کہنا ہے کہ امام مسجد کے ہوش ہونے کے بعد بیان لیا جائے گا جس کے بعد ہی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں کا دعوی ہے امام مسجد نہایت شریف انسان تھے اور کسی قسم کی انتہا پرستی میں ملوث نہیں تھے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ قتل کی وجہ کوئی خاندانی تنازعے کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔