کراچی : معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انٹرنیٹ کی معروف ویب سائٹ ’’گوگل ڈاٹ کام‘‘ کی جانب سے مین صفحے پر عبدالستار ایدھی کا نام آویزاں کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف سماجی رہنماء کی انسانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گوگل نے اپنے ہوم پیج پر ’’عبدالستار ایدھی‘‘ کا نام اُن کی پیدائش اور انتقال تک کے سفر کی تاریخ کو آویزاں کیا ہے۔
عبدالستار ایدھی کے نام پر کلک کرنے سے اُن سے متعلق خبروں کے صفحات کی تفصیل سامنے آرہی ہے، جس میں ان کی اور ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے انسانیت کی لیے کی گئی خدمات اور اقدامات کو بیان کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں
ایک طرف عبدالستار ایدھی کی نجی زندگی سے متعلق پوری تفصیل دی گئی ہے جس میں اُن کی تاریخ پیدائش، آبائی علاقہ، ان کی اہلیہ ، بچوں اور بہن بھائیوں کے نام تحریر کیے گیے ہیں جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے نام سے بھی ایک لنک دیا گیا ہے جس پر کلک کرنے سے اس ادارے کے قیام، اعراض و مقاصد اور تمام خدمات کی تفصیلات تحریر کی گئی ہیں۔
قبل ازیں گوگل کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے اور اُن کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنے ہوم پیج پر موم بتی کے نشان کو آویزاں کیا تھا۔
اسی طرح موسیقی کی دنیا میں عالمی شہرت پانے والے معروف پاکستانی گلوکار نصرت فتح علی خان کی گزشتہ سال برسی کے موقع پر اُن کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔