کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 142 ارب روپے وصولی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جاسکتا، یہ بوجھ منتقل کرنا سراسر ناانصافی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ 142 ارب روپے کا بوجھ صارفین پر متنقل کردیا جائے اور یہ درخواست بجلی کی چوری اور گزشتہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کی گئی تھی۔
نیپرا نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بجلی کی چوری کا بوجھ اٹھانے والے صارفین پر یہ مزید بوجھ ڈالنا سراسر ناانصافی ہے اس لیے درخواست نامنظور کی جاتی ہے ۔
نیپرا نے مزید کہا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ یہ درخواست منظور کرلی جاتی تو بل ادا کرنے والے صارفین سے مزید 142 ارب روپے وصول کیے جاتے۔