کراچی: بلوچ کالونی میں پینٹ شاپ اور لیات آباد میں فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ، فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے باعث اگ کو دیگر دکانوں اور گھروں تک پھلنے سے بچالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود ڈیفنس ویو میں موجود عمارت میں قائم آئل پینٹ کی دکان میں ویلڈنگ کے دوران اسپارک ہونے سے اچانک آگ لگ گئی، ایس ایچ او ملک سلیم کے مطابق دکان میں موجود تھنر اور دیگر سامان کے باعث آگ بہت تیزی سے پھیلی اور اس نے شدت اختیار کرلی اور آگ کے شرعلے بلند ہونے لگے۔
انہوں نے بتایا کہ موقع پر موجود لوگوں نے ابتدائی طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی اور فائر بریگیڈ کو طلب کیا ، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کے شعلے اوپر موجود گھروں تک جارہے تھے اور خطرہ تھا کہ مذکورہ آگ کے باعث دیگر دکانیں بھی متاثر ہوسکتی تھیں اور بر وقت کارروائی کر کے پہلے اغ کو ایک دکان تک ہی محدود رکھا اور اسکو بجھایا ، فوری طور پر مذکورہ آگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔
دریں اثنا لیاقت آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد نمبر چار میں قائم پلاٹ پر موجود فرنیچر مارکیٹ کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی گئی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچی اور مزید دو گاڑیاں طلب کرلی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ مارکیٹ کی دکان کی بنی دو چھتی میں رکھے فوم میں لگی جس نے شدت پکڑی اور دکان بری طرح متاثر ہوئی تاہم دیگ دکانوں اور اوپر موجود گھروں تک آگ کو پھیلنے سے بچالیا گیا۔ فوری طور پر آگ لگنے کے باعث ہونے والے نقصان کی مالیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔