اسلام آباد:آئی ایس پی آر نے مختلف شہروں میں فوج کی حمایت میں لگے ہوئے پوسٹر سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے تعلق سے انکار کردیا ۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا ہے کہ ایسے کسی بھی قسم کے پوسٹر سے فوج یا کسی متعلقہ ادارے کا کوئی تعلق نہیں۔
Reference Posters with #COAS pic being displayed across various cities;Army or any affiliated organisation have nothing to do with it
— Gen Asim Bajwa (@AsimBajwaISPR) July 12, 2016
اے آر وائی نیوز کے نمائندے لئیق الرحمن کے مطابق ملک کے تقریباً14 شہروں میں یہ پوسٹر و بینرز آویزاں کیے گئے جن کے بارے میں فوج نے عوام میں پھیلے ہوئے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ یہ پوسٹرز فوج نے آویزاں کرائے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی : آرمی چیف کی تصاویر والے بینرز مختلف شہروں میں آویزاں
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں نامعلوم افراد کی جانب سے شہر بھر میں آرمی چیف کے حق میں بینر آویزاں کیے گیے جس میں اُن سے اپیل کی گئی ہے کہ ’’اب آ بھی جاؤ‘‘، سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ بینرز الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ایک جماعت کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ان بینرز کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’راحیل شریف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا‘‘۔