لاہور: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارات وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی حالیہ لہراورملک کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرہاوٗس لاہور میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج بروز جمعہ منعقد کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
وزیر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق برہان وانی کی شہادت، نہتے کشمیریوں پربھارتی فوج کے بہیمانہ مظالم اور کشمیر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، وزیراعظم کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم کی ہدایت پر دفترِ خارجہ نے بھارتی ہائی کمنشرکو طلب کرکے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پرحکومتِ پاکستان اورعوامِ پاکستان کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
دفترخارجہ کی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مستقل رکن ممالک کے سفارت کاروں کو کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم سے آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اورملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔