کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو دل میں تکلیف کی شکایت پر قومی ادارہ برائے امراض قلب لایا گیا ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق گورنرسندھ کا معائنہ جا ری ہے۔
قومی ادراہ برائے امراضِ قلب کی انتظامیہ کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو دل میں تکلیف کی شکایت پر اسپتال لایا گیا ہے جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور ماہر ین امراضِ قلب کی ایک ٹیم اُن کا معائنہ کر رہی ہے۔
ذرا ئع کے مطابق ڈاکٹرعشرت العباد کوبغیر پروٹوکول کےنجی کار میں قومی ادراہ برائے امرضِ قلب میں لایا گیا ہے گورنرسندھ کا اسٹاف بھی علیحدہ گاڑی میں اطلاع ملنے پراسپتال پہنچ گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد کو دل کی دھڑکن تیز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے انہیں اسپتال کے دوسرے فلور پر وی آئی پی روم میں رکھا گیا ہے،گورنر سندھ کی اسپتال میں منتقلی کے بعد رینجرز اور سیکیورٹی اداروں نے اسپتال کے اطراف سیکیورٹی گارڈ متعین کر دیے ہیں۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، کور کمانڈر کراچی نوید مختار، ڈی جی رینجرز بلال اکبر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ڈاکٹرعشرت العباد کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کی۔