لاہور: سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقات کروائے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان نے اقوام متحد ہ کے ہائر کمیشن برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خط تحریر کیا ہے ، جس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تحقیقات کروائے۔
انہوں نے خط میں مزید کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں جس پر بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کیے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ مظالم کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے لیکن بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی بربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
رحمان ملک نے خط میں مزید کہا ہے کہ بھارتی مظالم پر انسانی حقوق اور عالمی برادری کی خاموشی انتہائی دکھ کی بات ہے، انہوں نے درخواست کی کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کمیشن تشکیل دے جو اپنی رپورٹ اقوام متحدہ میں پیش کرے۔
انہوں نے اپیل کی کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے اور برسوں پرانے دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے۔
مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم : کرفیو آٹھویں روزمیں داخل