لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی جغرافیائی شہ رگ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگ مر رہے ہیں اور پاکستانی حکومت تما شا کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں ایک خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستان سے الحاق اور محبت کے لیے کشمیری عوام قربانیاں دے رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو پاکستان کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیں، انہوں نے اعلان کیا کہ 24 جولائی کو بھارتی سفارت خانے تک مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 29 جولائی کو آل پارٹی کانفرنس بلوا رہے ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر سے بھارتی فوج کے نکلنے تک بھارت سے دوستی اور تجارت سمیت ہر معاہدے کو معطل کیا جائے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مردم شماری کا فوری طور پر اہتمام کیا جائے، پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تسلیم کرلے اور کمیشن بنانے میں مزید تاخیر نہ کرے.