گوجرانوالہ : ق لیگ کے سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن میں پانچ سو فیصد اضافہ کردیا، یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.
پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کی باتیں کرنے والوں کی ٹانگیں آرمی چیف سے متعلق بینرز دیکھ کر کانپ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران کسی خوش فہمی نہ رہیں عمران خان ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ اگر فوج آئی تو کوئی پہلے کی طرح سڑکوں پر نہیں آئے گا اور لوگ خوشی میں مٹھائیاں بانٹیں گے۔ ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ ملک میں سارے کام فوج کررہی ہے۔
پرویز الہیٰ نے حکومت پنجاب کی تمام پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس پنجاب حکومت نے اپنی کمائی کیلئے شروع کی۔
انہوں نے سوال کیا کہ سستی روٹی اسکیم اور ٹیکسی اسکیم کا کیا بنا؟ ہم نے میٹرک تک غریبوں کے بچوں کے لیے تعلیم مفت کی، شہباز شریف نے آتے ہی اسکولوں کو بند کرنا شروع کر دیا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 ہزار اسکولوں کو بند کر دیا اگر اسکول بند نہ ہوتے تو چھوٹو گینگ کیوں پیدا ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سیلابی صورت حال سے نمٹنے اور تعلیم کیلئے مختص فنڈ بھی اورنج ٹرین منصوبے پر لگارہے ہیں۔