اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی پر ری پبلکن پارٹی اختلافات کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: کلیو لینڈ میں جاری ری پبلکن کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی پر ری پبلکن پارٹی کے اندر دھڑے بندی واضح طور پر سامنے آگئی ہے جبکہ دوسری جانب ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر مشیل اوباما کی تقریر چوری کرنے کا الزام بھی لگایا جارہا ہے۔

ری پبلکن پارٹی کا کنونشن کلیو لینڈ میں زور و شور سے جاری ہے۔ کلیو لینڈ میں جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں وہاں کنونشن کے اندر بھی افراتفری کا عالم ہے۔

کنونشن میں ٹرمپ کے مخالفین نے رائے شماری کروانے کی کوشش کی جس کے تحت مندوبین کو اپنی مرضی کے امیدوار کے انتخاب کی آزادی مل جاتی تاہم 3 ریاستوں کے پیچھے ہٹ جانے سے یہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔

- Advertisement -

ٹرمپ کے حامیوں نے کنونشن میں بش فیملی سمیت سینئر رہنماؤں کی عدم شرکت پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب کنونشن کے ابتدائی سیشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا خطاب بھی تنازعات کا شکار ہوگیا ہے۔ اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے خاتون اول مشیل اوباما کی تقریر کے الفاظ استعمال کیے جس کے بعد ان پر تقریر چوری کا الزام لگادیا گیا۔

مشیل اوباما نے یہ تقریر 2008 میں کی تھی جب انہوں نے بھی پہلی بار صدارتی امیدوار کی اہلیہ کے طور پر ایک عوامی اجتماع میں شرکت کی۔ اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے اخلاقی اقدار پر زور دیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ نے بھی الفاظ کے رد و بدل کے ساتھ انہی خیالات کا اظہار کیا۔

ٹرمپ کے مخالفین میلانیا پر صدر براک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما کی تقریر چوری کرنے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

کنونشن میں لوگوں کی حفاظت کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کنونشن میں شرکت کرنے والوں کو اسلحہ لانے کی اجازت نہیں۔ کنونشن میں 50 ہزار سے زائد لوگ شریک ہو رہے ہیں جبکہ اس موقع پر ٹرمپ کے خلاف اور حمایت میں مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں