اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

پنجاب میں میٹرک کے نتائج کا اعلان، محنت کشوں کے بچے بازی لے گئے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب میں میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، نتائج میں محنت کشوں کے بچے بازی لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، پوزیشن ہولڈر عظمیٰ وارث کے والد گردوں کے مریض ہیں، پوزیشن ہولڈر عظمیٰ وارث کی ماں محنت مزدوری کرتی ہے، پوزیشن ہولڈر اللہ دتہ گدھا گاڑی چلانے والے کا بیٹا ہے جبکہ ملتان سے آرٹس گروپ میں تیسرے پوزیشن لینے والی سمیعہ مجاہد ایک درزی کی بیٹی ہے۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے عظمیٰ وارث کے والد کا علاج کرانے کا وعدہ کرلیا ہے، عظمیٰ وارث کا اچھے کالج میں داخلہ ہوگا اور تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔


Lahore Board Matric result 2016 announced by arynews

لاہور بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی سمیت تینوں پوزیشنیں طلباء نے حاصل کیں، لاہور بورڈ کے چیئرمین نصرا ﷲ ورک نے پریس کانفرنس میں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا ۔ بورڈ میں مجموعی طور پہلی پوزیشن ڈویژنل پبلک سکول وانٹر کالج ماڈل ٹاؤن کے رانا عمر فرمان نے 1087نمبر لے کر حاصل کی جبکہ ڈویژنل پبلک سکول و انٹر کالج ماڈل ٹاؤن کے ہی محمد شایان نے 1086نمبر لے کر دوسری جبکہ تیسرے پوزیشن میں بھی مذکورہ اسکول کے ہی دو طلبہ سید مومن علی اور حسنین مشتاق 1085نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر حقدار قرار پائے ۔

سائنس گروپ طلباء میں بھی مذکورہ طالبعلموں نے پوزیشنیں حاصل کی، سائنس گروپ لڑکیوں میں دی پنجاب گرلز ہائی سکول جوہر ٹاؤن کی سیمل سلیم نے 1083نمبر لے کر پہلی ، ڈویژنل پبلک گرلز ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کی رمیشہ طاہر نے 1082نمبر لے کر دوسری جبکہ جناح گرائمر سکینڈری سکول گرلز شاد باغ کی سجل طارق نے 1079نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

آرٹس گروپ طلباء میں پاکستان ماڈل ہائی سکول فاربوائز رائے ونڈ روڈ قصور کے صابر علی نے 1034نمبر لے کر پہلی ، الائیڈ سکول شادمان کے محمد شہزاد نے 1006نمبر لے کر دوسری جبکہ علامہ اقبال پبلک بوائز ہائی سکول رائیونڈ روڈ قصورکے محمد عثمان اورگورنمنٹ پبلک ماڈل ہائی سکول نین سکھ کے اﷲ دتہ نے 994نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

آرٹس گروپ طالبات میں علامہ اقبال پبلک ہائی سکول فار گرلز رائے ونڈ روڈ قصور کی اقراء نے1067نمبر لے کر پہلی، سوسائٹی پبلک گرلز ہائی سکول مغلپورہ کی عائشہ خالد اور فاروقی گرلز ہائی سکول کریم پارک کی عریج وسیم نے 1055نمبر لے کر مشترکہ طور پر دوسری جبکہ پرائیویٹ طالبہ عظمیٰ وارث نے 1045نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے امتحان سیکنڈری سکول (سالانہ) 2016ء کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر گوجرانوالہ کے محمد فیضان نے 1079نمبر لے کر پہلی ، گوجرانوالہ ہی کے راؤ عبید الرحمن اور سیالکوٹ کی حافظہ عمائزہ احسان نے1078نمبر لے کر دوسری جبکہ گوجرانوالہ کی ماہ رخ اور اسوہ ارشد نے 1077نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی ہے ۔

بورڈ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق میٹرک امتحانات میں مجموعی طور پر 197350 امیدواران شامل ہوئے ، جن میں سے 149405کامیاب ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر نتائج کا تناسب 75.70فیصد رہا۔پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دینے کیلئے بورڈ آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی ایم پی اے عبدالرؤف مغل نے پوزیشن ہولڈرز کو انعامات اور میڈلز دئیے گئے۔

اس موقع پر طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ وہ مزید محنت کریں گے اور عبدالستار ایدھی کی طرح ملک وقوم کی خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 1043نمبر لے کر جنرل گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی سدرہ بانو کا کہنا ہے کہ اس کا والد رکشہ چلاتا ہے اس کے باوجود اس کے تمام بہن بھائی پڑھ لکھ رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں