اسلام آباد: تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر حکومت کے خلاف سات اگست سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا،انہوں نے کہا کہ حکومت ٹی اوآرز کے معاملے پر سنجیدہ نہیں ، سڑکوں پر نکلیں گے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے قومی ورکرز کنونشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے ملک گیر تحریک کا اعلان کیا، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا پی ٹی آئی اکیلے عوامی احتجاج شروع کرے گی جوہمارے ٹی او آرز پر نواز شریف کا احتساب شروع ہونے تک جاری گی،ان ٹی او آرز پران کا بھی احتساب کیا جائے۔
عمران خان نے پچیس جولائی کو نیب دفتر کے سامنے احتجاج کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نیب نے پاناما کے معاملے پر ایکشن کیوں نہیں لیا، وزیراعظم کا احتساب نہ ہوا تو کسی کا احتساب نہیں ہو گا۔
عمران خان نے فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کرتے ہوئے کہا کہ تیس لاکھ کارکن سو روپے فی کس چندہ دیں، شروع میں آگاہی مہم چلائیں گے دھرنا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بیس سال سےجمہوریت کے لئےجدوجہد کررہاہوں مارشل لاء کے لئے نہیں، اگر مارشل لاء لگاتوسب سے بڑا نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا، مہنگائی کے مارے عوام کیوں اس جمہوریت کی حمایت کرینگے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ لندن گئے تو میڈیا نے تیسری شادی کرا دی،لیڈر پر حملہ ہوتوکارکنوں کو دفاع کرنا چاہئے، پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریگی۔