کراچی : انجمن کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے رینجرزکی اختیارات میں توسیع کے لیے حکومت سندھ کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے،انہوں نے کہا اگر وزیر اعلیٰ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کی تو وزیر اعلی ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انجمن آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اعلان کیا ہے کہ اگر سندھ حکومت نے 72 گھنٹے کے دوران رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہیں کی گئی تو کراچی کے تمام تاجر وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے اور بے اختیار رینجرز کے بجائے پاکستانی فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کریں گے۔
چیئرمین عتیق میر نے حکومت کو متنبہ کیا کہ رینجرز کو غیرفعال کیا توتاجر برداری صوبےمیں فوج کی تعیناتی کامطالبہ کرےگی،کراچی میں بڑی مدت کے بعد امن و امان قائم ہوا ہے بھتہ خوروں سے جان چھوٹی ہے اور لوگ اپنے اہل خانہ کے سمیت بلا خوف و خطر خریداری میں مصروف ہیں جس کے باعث کاروباری حلقوں نے سُکھ کا سانس لیا ہے۔
اس موقع پر عتیق میر نے تاجروں کی جانب سے سندھ حکومت کو پیغام دیا کہ امن وامان کی بہترصورتحال کیخلاف نامناسب فیصلےسےگریزکیاجائے اور بھتہ خوروں،ٹارگٹ کلرز،اغواکاروں کاراستہ دوبارہ کھولنے کی کوشش نہ کیا جائے۔
ماضی کے جھروکے سے : تاجربرادری کا رینجرز اختیارات بحالی کے حق میں سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان
یاد رہے اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات دینے سے لیل و حجت سے کام لینے پر انجمن آل کراچی تاجر اتحاد نے گزشتہ برس دسمبر میں بھی سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کیا تھا تا ہم پچھلی بار سندھ حکومت نے وفاق سے کئی ناکام مزاکراتوں کے بعد بادل نخواستہ رینجرز اختیارات میں توسیع پر آمادہ ہو گئی تھی۔