لاہور : بجلی کا تارگرنے سے خاتون سمیت دو شہری جاں بحق ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز نے فوٹیج حاصل کرلی، وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کے تار ٹوٹ کر گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ایک گھنٹے میں ذمہ داروں کے نام طلب کرلیے ہیں۔
Woman, man electrocuted in Lahore by arynews
بجلی کے ٹوٹنے والے تار نے دو گھروں میں اندھیرا کردیا۔ حمزہ ٹاؤن میں جمع بارش کے پانی سے موٹر سائیکل سوار عمیرنکلنے کی کوشش کر رہاتھا کہ ایسے میں بجلی کا تار ٹوٹا اور نوجوان پر آن گرا۔
وہاں موجود موٹر سائیکل کو دھکا لگانے والا دوسرا نوجوان تو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، مگر موٹر سائیکل سوار زد میں آگیا۔
نوجوان کے جاں بحق ہونے کے فوری بعد ایک خاتون کنول نے بھی بھاگ کر پانی سے گزر کر سڑک پار کرنے کی کوشش کی اور اسی دوران بجلی کی دوسری تار ٹوٹ کر خاتون پر آ گری اور وہ بھی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے ذمہ دار افراد کے نام فوری طور پر بتائیں تاکہ ان کیخلاف کارروائی کی جاسکے مجرمانہ غفلت برتنے والے افراد کو چھوڑا نہیں جائے گا۔