اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کو اقوام متحدہ کے دفترکے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھنا چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں بہیمانہ مظالم ڈھارہا ہے، بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے، حکومت کو چاہیئے کہ بھارت کو ریاستی دہشت گرد قراردلوانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں انہیں کشمیری عوام کو ان کا حق دلوانے کیلئے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھنا چاہیئے ۔
انہوں نے کہا کہ اگرمولانا فضل الرحمن بھوک ہڑتال پر بیٹھے تو وہ بھی ان کے ساتھ بھوک ہڑتال کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی بھارت کی گود میں نہ بیٹھیں، بھارت افغانستان کو دھوکا دے گا، بھارت کی فطرت میں بھلائی نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے فوج کا کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا، وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ پارٹی قیادت کا ہے۔