کراچی: مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سندھ میں تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آگئی ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کے کیلئے سید مراد علی شاہ کے نام کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں بار بار پیپلز پارٹی کی فتح میں قائم علی شاہ کا کردار اہم ہے، قائم علی شاہ سے تعلق ہمیشہ قائم رہے گا اور پیپلز پارٹی ان سے رہنمائی لیتی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا فیصلہ اچانک نہیں ہوا، تبدیلی پر کام کافی دنوں سے چل رہا تھا، چہروں کی تبدیلی سےہی پالیسی تبدیل ہوتی ہے، قائم علی شاہ بھی پارٹی چیئرمین کی ہدایت پرپالیسی قائم کرتے تھے، مراد علی شاہ کو مشاورت کے بعد نامزد کیا گیا۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اب حالات کا تقاضا تھا اور قائم علی شاہ کو بہت مدت گز ر چکی تھی ،2018میں انتخابات کے لیے بھی پارٹی نے تیاری شروع کردی ہے اس لیے ایسے موقع پر ہمت اور جوش والے رہنما کی ضرورت محسوس کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ نے اچھے اور برے وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور اپنے عہدے پر بہترین کام کیا ،اس دوران مراد علی شاہ بھی قائم علی شاہ کے بازو بنے رہے ۔