کراچی : اشتعال انگیز تقاریر کا کیس ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو 7 روز کے اندر عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر میں نامزد قمر منصور کے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کی قبل از گرفتاری منظور کر لی اور انہیں عدالت میں 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے قمرمنصور کو ہدایت کی کہ وہ 7 روز کے اندر عدالت سے رجوع کرکے 30 ہزار روپے کے مچلکےجمع کروائیں بصورت دیگر ضمانت منسوخ کر کے گرفتار کرلیا جائے گا۔
پڑھیں : رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو رہا کردیا
یاد رہے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو گزشتہ سال رمضان المبارک میں ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت سے تفتیش کے لیے رینجرز کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں قمر منصور پر پاک فوج کے خلاف تقاریر میں سہولت کار ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
رینجرز کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے قمر منصور کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا تھا تاہم انہیں عدم شواہد اور طبیعت ناسازی کے باعث رینجرز کی جانب سے رہا کردیا گیا تھا۔
واضح رہے نامزد میئر وسیم اختر اور روف صدیقی بھی اشتعال انگیز تقریر کیس میں نامزد تھے جنہیں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا گیا تھے تاہم وسیم اختر کو ریمانڈ کے لیے ڈسٹرکٹ ملیر کے حوالے کیا گیا ہے۔