اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عارف علوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کے لیے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان تحریک انصاف کے امیداوار ہوں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے اعلان کیا کہ سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے پیپلز پارٹی کو کھلا میدان نہیں دیں گے،اسٹیٹس کو کے خاتمے اور عوام کی حقیقی خدمت کرنے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے جن کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ خرم شیر زمان سندھ میں تبدیلی کی علامت ہوں گے کیوں کہ موروثی سیاست کے بطن سے جنم لینے والی تبدیلی سے سندھی عوام کی مشکلات کا ازالہ کسی صورت ممکن نہیں اور سندھ کی تقدیر بدلنے کے لیے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عوام کی خدمت پر یقین رکھنے والے اراکین کو اپنے ضمیر کی روشنی میں فیصلہ کرنا ہو گا۔
یاد رہے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ کا عہدہ واپس لینے اور سینیئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد ولی شاہ کو وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے،جن کو آئینی طور پر سندھ اسمبلی میں دوبارہ ووٹنگ ہو گی جس کے لیے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت متحدہ قومی موومنٹ بھی اینا علیحدہ امیدوار لانے کے لیے کل ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کرے گی۔