پشاور: وزیر باغ میں انٹیلی جنس بیورو کے انسپکٹر عثمان گل فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ مسلح افراد نے ان پر 2 سے 3 فائر کیے جس کے بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کے مطابق عثمان گل پر جس وقت فائرنگ کی گئی وہ اس وقت گھر سے دفتر جانے کے لیے نکلے تھے۔
فائرنگ کے واقعہ میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا وہ کوئی راہگیر بچہ تھا یا مقتول انسپکٹر کے ساتھ ان کے گھر سے نکلا تھا۔ بچے کو طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے عثمان گل پر 2 سے 3 فائر کیے۔ دہشت گردانہ کارروائی کے بعد ملزمان جائے وقوع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے شہر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
مقتول انسپکٹر کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پشاور میں اس سے قبل بھی سیکیورٹی حکام اور پولیس کو کئی بار نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ گذشتہ ہفتے چارسدہ بس اڈے کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔