کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آج سے قبل چوہدری نثار نے آرٹیکل 147 کی یہ تشریح نہیں کی، رینجرز کے معاملے پر چوہدری نثار کو تصادم کی سیاست راس نہیں آئے گی، رینجرز کو جو اختیارات دینے تھے دے دیے۔
میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کو متنازع کیوں بنایا جارہا ہے پہلے کیوں نہیں کہا گیا کہ اختیارات پورے سندھ میں دینے ہوں گے، پہلے بھی تو رینجرز کو اختیارات دیے تھے
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وفاق تصادم کی صورتحال پیدا کرے گا تو صوبے کا نقصان ہوگا اور تصادم کی صورتحال وفاق کے لیے بہتر نہیں ہوگی، وفاق صوبائی حکومت کو آج بھی دھمکیاں دے رہا ہے، ایک خاص علاقے کے لیے رینجرز کو اختیارات دینے کا مطالبہ پوری قوم نے کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاملے میں ڈیڈ لاک پیدا نہیں کررہے، ایک وفاقی وزیر نے اسے انا کا مسئلہ بنالیا ہے، رینجرز کو سندھ بھر میں اختیارات دینے کے لیے قانونی مقاصد پورے کرنے ہوں گے۔
سینیٹر اعتزاز احسن نے بھی اس معاملے پر کہا ہے کہ وفاق میں بیٹھے چند افراد نے رینجر زکے معاملے کو انا کا مسئلہ بنالیا ہے۔