اشتہار

لاہور: این اے 125 کے ایک لاکھ سے زائد ووٹ ناقابل تصدیق قرار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حلقہ این اے 125 میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر نادرا نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔ انتخابات میں ڈالے گئے 1 لاکھ 49 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 125 میں ہونے والے انتخابات کو تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان نے دھاندلی کی بنیاد پر چیلنج کر رکھا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر نادرا نے ووٹوں کی تصدیق کر کے اپنی رپوٹ پیش کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق این اے 125 میں انگوٹھوں کے نشانات واضح نہ ہونے کے باعث ایک لاکھ 49 ہزار 138 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ 7 ہزار 892 ووٹوں کی مختلف وجوہات کی بنا پر تصدیق نہیں کی جاسکی۔

- Advertisement -

نادرا کا کہنا ہے کہ تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر ووٹوں کو جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 14 ہزار 134 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 398 افراد نے ایک سے زائد ووٹ ڈالے جو بالکل جعلی ہیں جبکہ حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے 3 ہزار 998 ووٹرز کا شناختی کارڈ نمبر غلط درج کیا گیا ہے۔

این اے 125 میں 184 ووٹ دوسرے حلقوں کے ووٹرز نے ڈالے جبکہ 1917 ووٹرز کے شناختی کارڈ نمبر موجود نہیں ہیں۔ رپورٹ میں نادرا نے مذکورہ حلقے کے صرف 57 ہزار 98 ووٹوں کو درست قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ این اے 125 کے انتخابات کو تحریک انصاف نے دھاندلی کی بنیاد پر چیلنج کیا تھا جس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کے حق میں حکم امتناعی جاری کر کے نادرا سے رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں