کابل : افغان طالبان نے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی.
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے.
دوسری جانب پاکستانی حکومت نے اپنا اعلیٰ سطحی وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستانی کااعلیٰ سطحی وفد افغان حکام سےملاقات کرے گا، پاکستانی وفد یرغمالی افراد کو بازیاب کروانے کے لیے طالبان سے بھی رابطہ کرے گا.
ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انہیں افغان حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر واقعے پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں.
*پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا
اس سے قبل پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کرگیا تھا،جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بنالیااور ہیلی کاپٹر نذر آتش کردیا تھا.
اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 جمعرات کی صبح 8بج کر 45منٹ پر پشاور سے ازبکستان جانے کے لیے روانہ ہوا تھا راستے میں افغانستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب اسے ہنگامی طور پر افغان صوبے لوگر میں لینڈ کرنا پڑا،پائلٹ اور عملے سمیت ساتوں افراد ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہےلیکن وہاں اترنے پر علاقے میں موجود طالبان کے کارندوں نے انہیں پکڑلیا.
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا شیڈول طے تھا اور وہ مرمت کے لیے ہی ازبکستان جارہا تھا.
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعے پر تمام متعلقہ وفاقی اداروں سے رابطے میں ہوں.