کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں حالیہ دورہ اسلام آباد اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں سندھ کے مسائل کی طرف توجہ دلانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو مون سون کے موسم کے دوارن اور امکانی سیلاب سے بچنے کے لیے تا حال اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں جاری بارشوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے انہوں نے اپنی ٹیم تیارکررکھی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ وہ خود میڈیا، پارٹی رہنماوٴں اور کارکنان کے ذریعے صورتحال کو مانیٹرکررہے ہیں، انہوں نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ الرٹ رہے کیونکہ حکومت سندھ کو بارش کے بعد سیلابی صورتحال سے بھی نمٹنا ہے اور پھر اس پانی کی سمندر میں نکاسی کو بھی یقینی بنانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے بارش کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر زور دیں تا کہ عوام کی تکالیف کم ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہاتوں سے بارش کے پانی کی وقت پر نکاسی کی جائے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔