پشاور: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پشاور لاکر تاریخی جلسہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام موٹروے بنانا چاہتے ہوں تو شیر کا ساتھ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے زیر اہتمام پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے احتجاجی سیاست کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
تحریک انصاف ناکام ریلی میں مصروف ہے جبکہ ن لیگ کا ایک شیر بڑا جلسہ کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا جلسہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ لوگ اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہیں، خیبر پختونخواہ کی غیورعوام نواز شریف کے پاکستان ویژن کو جانتی ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ عوام نے 120دن کے دھرنے کی سازش کو بھی ناکام بنا یا ،عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے خیبر پختونخواکا نا م خراب کیا ۔
انہوں نے کہا ستمبر یا اکتوبر میں وزیر اعظم نواز شریف پشاور میں تاریخی جلسہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان پشاور آئے تو ساری پولیس ریلی میں لگ گئی ،پولیس کو سیاست سے آزاد کرنےوالوں نے پولیس کو اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔
جلسے کے دوران گوعمران گو کے نعرے بھی لگوائے گئے۔ جلسے میں مسلم لیگ ن کے کارکن جوش میں اسٹیج پر چڑھ گئے۔