برمنگھم : ایجبسٹن ٹیسٹ میں قومی بیٹسمین مکمل طور پر ناکام ہوگئے، انگلینڈ نے تیسرا ٹیسٹ 141 رنز سے جیت کر چار میچز کی سیریزمیں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بالنگ اور بیٹنگ دونوں ہی ناکام رہی بالنگ میں نہ کوئی تجربہ کام آیا نہ تیکنیک کام آئی جبکہ قومی بیٹسمین تو چل میں آیا کی روش سے باہر ہی نہ آسکے۔
برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 445 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز درکار تھے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا کیرئیر کا پچاسواں ٹیسٹ کھیلنے والے محمد حفیظ آج بھی بیٹنگ ٹیکنیک سے لاعلم نظرآئے، محمد حفیظ گزشتہ پانچ اننگز کی طرح اس بار بھی کیچنگ پریکٹس کرانے سے باز نہ آئے، اظہر علی نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ اڑتیس رنز پر معین علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
تجربہ کاریونس خان صرف چار رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوگئے جبکہ کپتان مصباح الحق سے کچھ امید تھی جو دس رنز ہی بنا سکے، اسد شفیق اور سرفراز احمد کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، نوجوان اوپنر سمیع اسلم کے اعصاب بھی ستر پر رنز پر جواب دے گئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 201 رنز بناکر آوٹ ہوگئی،انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈریسن اور اسٹورٹ براڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔