ریو ڈی جنیرو: پیرالمپکس کی بین الاقوامی کمیٹی آئی پی سی نے روسی ایتھلیٹس پر ریو 2016 پیرالمپکس میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی ہے۔
بی بی سی کے مطابق آئی پی سی نے یہ فیصلہ ڈوپنگ ایجنسی کی اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ روسی ایتھلیٹ ملک کے سرکاری حکام کی مدد سے ممنوعہ ادویات استعمال کرتے رہے ہیں، روسں کی پیرالمپکس کمیٹی نے اس فیصلے خلاف کھیلوں کی عالمی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی پی سی کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کو روکنے کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، لہٰذا روس کی پیرالمپکس کمیٹی کی رکنیت فوراً معطل کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ آئی پی سی کے فیصلے کے برعکس اولمپکس کی بین الاقوامی کمیٹی آئی او سی نے روس پر برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد نہیں کی۔
آئی او سی نے مختلف کھیلوں کے انتظامی اداروں سے کہا تھا کہ وہ یہ فیصلہ کریں کہ آیا روسی کھلاڑی ممنوعہ ادویات کا استعمال تو نہیں کرتے رہے اور اگر وہ سمجھیں روسی کھلاڑی اس میں ملوث نہیں ہیں تو وہ ان کو اولمپکس میں حصہ لینے کی اجازت دے سکتے ہیں۔