کوئٹہ : سانحہ کوئٹہ کے بعد مقامی پولیس میں بڑے پیمانے پرردوبدل کیا گیا ہے جس کے تحت ڈی آئی جی کوئٹہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے پولیس اور بیورو کریسی میں بڑا پیمانے پر تبدیلیوں کا عندیہ دیاہے اس سلسلے میں ڈی آئی جی کوئٹہ چودھری منظور سرور کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ دیگر تبدیلیاں بھی جلد متوقع ہے۔
واضح رہے عہدے سے فارغ ہونے والے ڈی آئی جی چودھری منظور سرور نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیر کے روز ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے پیر کی صبح کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش دھماکے میں وکلا سمیت 72افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے، دھماکا اس وقت ہوا جب وکلاء کی بڑی تعداد منو جان روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی کی میت لینے ہسپتال پہنچے تھے۔
دوسری جانب سانحہ کوئٹہ میں کے باعث ملک بھر میں دوسرے روز بھی فضا سوگوار ہے۔ وکلا کا عدالتی بائیکاٹ بھی جاری ہے۔