کراچی : لٹل ماسٹر حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد کا کہنا ہے کہ والد صاحب حیات ہیں، اُن کی دل کی دھڑکنیں بحال ہوگئی ہیں،عوام سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پھپھڑے کےکینسر میں مبتلا حنیف محمد مقامی اسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں داخل ہیں جہاں پیر کے روز طبعیت بگڑنے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔
آج علی الصبح وینٹی لیٹرہٹانے پر لٹل ماسٹر حنیف محمد کی دل کی دھڑکنیں بند ہو گئی تھیں لیکن معجزانہ طور پر چھ منٹ کے بعد اُن کی دل کی دھڑکنیں بحال ہو گئیں۔
معروف بلے باز حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد نے میڈیا کو بتایا کہ وینٹی لیٹر مشین ہٹانے کے بعد والد صاحب کی سانسیں رک گئی تھیں تا ہم چھ منٹ بعد دل کی دھڑکنیں معجزانہ طور پر دوبارہ بحال ہو گئیں ہیں جس پراللہ کےشکرگذارہیں۔
واضح رہے شعیب محمد اس وقت اسپتال میں اپنے والد صاحب کے ساتھ موجود ہیں۔