ڈبلن: پاکستان کرکٹ ٹیم دو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے آئرلینڈ پہنچ گی ہے، سیریز کاپہلا میچ اٹھارہ اگست کو ڈبلن میں ہوگا۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے بعد پاکستان کا اب اگلا امتحان ون ڈے میں ہوگا، انگلینڈ سے سیریز سے قبل پاکستانی کھلاڑی آئرلینڈ سے دو دو ہاتھ کریں گے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ون ڈے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
ون ڈے اسکواڈ میں شامل پاکستانیوں کھلاڑیوں نے انگلینڈ پہنچ کر لارڈز میں خوب نیٹ پریکٹس کی، فیلڈنگ اور بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی گئی، پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کو مختلف اقسام کی مشقین بھی کرائی گئیں۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچز ہوچکے ہیں، پاکستان نے چار اور حریف ٹیم ایک میچ میں فاتح رہی ہے، آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف واحد کامیابی دو ہزار سات کے عالمی کپ میں حاصل کی تھی۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے اٹھارہ اگست کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا، بیس اگست کو دونوں ٹیمیں دوسرے میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔