بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

کراچی: سوشل میڈیا پر بچوں کے اغواء کی غلط افواہوں پر قانون حرکت میں آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بچوں کے اغواء ہونے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شہر قائد میں بچوں کے اغواء سے متعلق سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر اور پوسٹوں کے خلاف قانون حرکت میں آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی اغواء ہونے والے بچوں کی تصاویر کے حوالے سے باقاعدہ تحقیقات کی گئیں بعد از انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ خبریں جھوٹ پر مبنی اور محض افواہ ہیں‘‘۔

مقدس حیدر نے مزید کہا کہ ’’شرپسند عناصر کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر غلط خبریں پھیلانے کا مقصد شہر میں قائم ہونے والے امن وامان کے حوالے سے عوام میں بے یقینی کو پیدا کرنا ہے‘‘۔

ایس پی سینٹرل نے کہا کہ ’’شرپسند عناصر کے خلاف تحقیقات کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد شرپسند عناصر کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیس حکام نے شہر میں بچوں کے اغواء کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’شہر میں بچوں کے اغواء سے متعلق کوئی واردات عمل میں نہیں آئی‘‘۔

پولیس حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ’’سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تصاویر یا پوسٹوں کو دیکھتے ہوئے خوف و ہراس میں مبتلاء نہ ہوں، اس ضمن میں اگر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو قریبی پولیس اسٹیشن پر آگاہ کریں پولیس آپ کی حفاظت کےلیے تمام اقدامات بروئے کار لائے گی‘‘۔

یاد رہے پنجاب میں بچوں کے اغواء کے بعد انٹرنیٹ پر کراچی میں بچوں کے اغواء کی بے بنیاد خبریں ایک سازش کے تحت سائٹس پر پھیلائی جارہی تھیں،اس سازش کا مقصد شہر میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں