کراچی : وزیراعلیٰ سند ھ کے مشیراطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن کا فیصلہ اٹل ہے البتہ مدارس کے تمام تحفظات دورکئے جائیں گے۔
وہ سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر رے تھے انہوں نے کہ اٹل فیصلہ ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی اوران کا آڈٹ بھی ہوگا تا ہم مدارس کی انتظامیہ کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں پولیس اصلاحات سے متعلق مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولیس کا نیا ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گااور قیام امن کیلئے نئی بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پرکی جائیں گی۔
اس کے علاوہ سندھ میں اسلحہ کے قوانین کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کے مطابق سندھ میں اسلحہ کی نمائش سے متعلق قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے گا جب کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ چھپانا جرم قرار دے کرگاڑیوں کی رجسٹریشن میں ترمیم کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے دہشت گردی کر رہے ہیں اگر کوئی ایسی سرگرمی میں ملوث ہے تو ان کی سرگرمیوں کو روکا جائے گا اگردہشت گردی میں غیر ملکی ملوث ہیں انکا سدباب کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وسیم اختر سے متعلق بات نہیں ہوئی جب کہ متحدہ کے دفاتر سرکاری زمینوں پر قائم تھے اس لیے مسمار کر دیے گئے رہی بات متحدہ کے بانی کے پاکستان مخالف بیانات کی تو اب متحدہ حامی بھی اب اس کی ڈھکی چھپی حمایت نہیں کرتے ہیں۔
ملک کو گالی دینا کسی طور درست نہیں،مجھ پہ اعتراض ہے تو مجھے برا کہیں، حکومت کو برا بھلا کہیں لیکن ملک کو گالی نہ دیں ملک پہلے ہی غیرمعمولی حالات سے گزررہا ہے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سندھ میں عارضی رہائش اختیار کرنے والوں کو مکمل معلومات دینا ہوں گی۔