اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر ان سے 28ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آف شور کمپنی بنانے کے معاملے پر عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 28 ستمبر تک اس بارے میں جواب داخل کروائیں۔
الیکشن کمیشن نے یہ نوٹس وکیل شاہنواز ڈھلوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر جاری کیا.درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے آف شور کمپنی بنا کر نہ صرف اپنے اثاثے چھپائے بلکہ اس رقم پر انھوں نے ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے انتخابی گوشواروں میں بھی ان کی آف شور کمپنی کا ذکر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر پورا نہیں اُترتے اس لیے اُنہیں نااہل قرار دیا جائے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی طرف سے عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر کیے گئے ایک اور ریفرنس پر مقررہ مدت میں کارروائی نہ کیے جانے پر وہ بھی الیکشن کمیشن کو مل گیا ہے تاہم کمیشن نے اس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کی نااہلی سےمتعلق ریفرنس خارج کردیا
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے فنڈز میں مالی بےضابطگیوں سے متعلق دائر کی گئی درخواست کو عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر کیے گئے ریفرنس کے ساتھ یکجا کردیا ہے اور ان درخواستوں کی سماعت ایک ساتھ ہی ہوگی۔