پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

لیگی کارکنان نے اسمبلی پر حملہ کیا، عمران خان، حملہ نہیں ہوا، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ’’مسلم لیگ کے غنڈوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی پر حملہ کر کے سپریم کورٹ حملے کی یاد تازہ کردی جبکہ مریم نواز نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی پر کوئی حملہ نہیں ہوا کچھ نوجوانوں نے دروازے پر مسلم لیگ کے پرچم لگائے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مشتعل مظاہرین کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے مرکزی دروازے پر لیگی کارکنان نے پارٹی جھنڈا لگایا، جس پر چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’مسلم لیگ ن کے غنڈوں نے اسمبلی پر حملہ کر کے سپریم کورٹ حملے کی یاد تازہ کردی‘‘۔

  انہوں نے کہا کہ ’’مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں صدر فاروق لغاری کے گھر مارچ کیا اور ایوانِ صدر کی دیواروں پر چڑھ کر اُس کے تقدس کو بھی پامال کیا تھا‘‘۔

کپتان کا مزید کہنا تھاکہ ’’لیگی غنڈوں کا اسمبلی پر حملہ تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کی سازش ہے تاہم اب رائیونڈ مارچ کا ارادہ پہلے سے زیادہ پختہ ہوگیا کیونکہ تحریک انصاف کا مارچ پرامن اور آئینی طریقوں سے کیا جارہا ہے تاہم  پی ٹی آئی رائیونڈ کسی کے گھر نہیں جارہی بلکہ کرپشن کے خلاف مارچ کرے گی‘‘۔  

   

پڑھیں:  خیبرپختونخوا سمبلی پر لیگی کارکنان کا دھاوا، پارٹی پرچم لہرا دئیے

عمران خان نے قائد مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’نوازشریف آمریت کی پیداوار ہیں انہیں جمہوریت کی اصل روح کا علم نہیں تاہم یہ اُن کا خواب ہے کہ انہیں بادشاہت کا تاج پہنایا جائے یا پھر امیرالمومنین قرار دیا جائے‘‘۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سنیئر رہنماء شاہ محمود قریشی نے بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے اسمبلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کرپشن اور پاناما لیکس کے پیچھے ہٹانے کے لیے حکمراں جماعت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے مگر ہم احتساب کے بغیر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے‘‘۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’خیبرپختونخوا اسمبلی پر حملہ نہیں کیا گیا تاہم کچھ نوجوانوں نے دروازے پر مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگائے جو قابل قدر نہیں ہیں‘‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’نواز شریف کی واضح پالیسی ہے کہ سب کا احترام کیا جائے اور انہیں عزت دی جائے جس کو مسلم لیگ ن کے ورکرز نے پوری طرح اپنایا ہوا ہے تاہم تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان میں اس طرح کی کوئی بات موجود نہیں ہے‘‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں