تازہ ترین

کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت کرتےرہیں گے،وزیراعظم نواز شریف

نیویارک : وزیراعظم نواز شریف نے امریکہ میں پاکستانی برادری سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا رہےگا۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کے روز امریکہ پہنچنے کے بعد نیویارک میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا رہےگا۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق نواز شریف بدھ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران ’بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو جلد حل کرنے اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب دنیا کی توجہ دلانے کے لیے پالیسی بیان دیں گے۔‘

یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ چوتھا خطاب ہوگا۔

نواز شریف امریکہ کے دورے کے دوران برطانیہ، ترکی، ایران، سعودی عرب، جاپان اور نیوزی لینڈ کے سربراہان مملکت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

گذشتہ روز انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں اڑی سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب بھارتی فوج کے ایک اڈے پر علی الصبح حملےمیں میں کم از کم 17 فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: اوڑی حملہ : پاکستان نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ ’انڈیا کسی قسم کی تفتیش کیے بغیر ہی پاکستان پر الزام لگا رہا ہے اور ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔‘

دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کا پرانا وطیرہ ہے کہ وہ بغیر کسی تفتیش کے پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے۔

Comments

- Advertisement -