لاس اینجلس: امریکی شہر لاس اینجلس میں اڑسٹھویں ایمی ایوارڈز کا رنگا رنگ میلہ منعقد ہوا جس میں ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ شو میں مشہور امریکی ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے میدان مار لیا۔
ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے سب سے زیادہ ایمی ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔ رواں برس 12 ایمی ایوارڈز کے ساتھ اس سیریز کے حاصل کردہ ایمیز کی تعداد 38 ہوچکی ہے۔
رواں برس سیریز لگاتار دوسری بار بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔
واضح رہے کہ ’گیم آف تھرونز‘ ایک تصوراتی افسانوی سیریز ہے جس میں اداکاروں کو ایک خیالی دنیا میں قوت و اقتدار کے لیے ایک دوسرے سے برسر پیکار دکھایا گیا ہے۔
ایک اور امریکن سیریز ’ویپ‘ کو بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سیریز کا بھی یہ لگاتار دوسرا ایمی ایوارڈ ہے۔
سیریز کی اداکارہ جولیا لوئی ڈریفس کو سیریز میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ (کامیڈی) کا ایوارڈ ملا جبکہ بہترین اداکار (کامیڈی) کا انعام ’ٹرانسپیرنٹ‘ کے لیے جیفری ٹمبر کو دیا گیا۔
ٹیٹیانا میسلانی کو ’آرفن بلیک‘ میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ جبکہ ’مسٹر روبوٹ‘ کے مرکزی کردار رامی ملک کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
سیریز ’ڈاؤنٹن ایبی‘ بھی ایک ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس کی میگی اسمتھ کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
رنگا رنگ ایوارڈ شو میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ بھی شریک ہوئیں۔