کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں فاضل جج نے ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر 20 رہنماؤں کے دوسری بار وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم اور رہنماؤں کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت فاضل جج نے بانی تحریک،سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 20 رہنماؤں کے دوبارہ وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے ملزمان کی غیر موجودگی کو دیکھتے ہوئے تفتیشی افسر پر اظہارِ برہمی کیا اور مقدمے میں نامزد ملزمان کے ایک بار پھر وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے ایم کیو ایم کی جانب سے گزشتہ سال کارکنان کی جبری گمشدگیوں اور گرفتاریوں کے خلاف لیاقت آباد نمبر 10 سے نمائش تک ریلی نکالی گئی تھی، جس پر ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف تھانا سولجر بازار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔