کراچی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ ریلیز کردیا گیا جس میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کو آزادی مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کی آزادی کے حوالے سے جذباتی نغمہ ریلیز کردیا گیا جس میں ایک ماں اور ننھے کشمیری پر قابض فوجیوں کے مظالم دکھائے گئے ہیں۔
نغمے کے ابتداءمیں کشمیر کی خوبصورت وادی دکھائی گئی ہے جس میں بچہ اپنی والدہ سے سوال کرتا نظر آتا ہے کہ ’’ماں کشمیر تو جنت ہے تو پھر جنت میں طوفان ہے کیوں؟‘‘، نغمے میں بچے کو اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ میں اس جنت میں رہنا چاہتا ہوں مگر قابض فوجیوں کے مظالم پر دنیا کے خاموش دکھائی دیتی ہے‘‘۔
گانے کی شاعری میں بچے نے اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموشی کے حوالے سے سوال اٹھایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’’دنیا کو سب کے دکھ یاد ہیں تاہم کشمیریوں کے دکھوں کا کوئی مداوا نہیں کرتا باوجود اس کے دنیا آزاد ہے اور میں ابھی تک غلامی کی زندگی گزار رہا ہوں‘‘۔
ویڈیو میں دیوار پر آزادی کے حوالے سے سطریں تحریر ہوئی دکھائی گئی ہیں جبکہ مزید دکھایا گیا ہے کہ ایک ماں اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلتی ہے تو باہر قابض فوجیوں نے محاصرہ کیا ہوتا ہے مگر بچوں کے اسکول کی چھٹی نہ کروانے کے لیے وہ گھر سے نکل جاتی ہے تاہم بھارتی فوجی اُسے روکنے کی کوشش کرتی ہے مگر مسلسل جدوجہد کے بعد وہ فوجی محاصرہ توڑتے ہوئے اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ جانے کی کوشش کرتی ہے تو فوجی اہلکار اُس کے بچے پر مظالم کے لیے آجاتے ہیں۔
بچوں کو فوجیوں کے درمیان دیکھ کر ماں دوڑ کر واپس آتی ہے اور اہلکار کی لاٹھی روکتی ہے جس پر دوسرا فوجی ڈنڈے برسانا شروع کردیتا ہے اور ماں اپنے بچے کے برابر میں گر جاتی ہے بعد ازاں قابض فوجی دونوں پر مظالم کرتے رہتے ہیں‘‘۔