پاکستانی اداکار وں کیلئے بھارتی زمین تنگ ہونے لگی، بال ٹھاکرے کی انتہاپسند تنظیم ایم این ایس نے پاکستانی اداکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان دشمنی میں انتہا پسند بے قابو ہوگئے، انتہا پسند تنظیم ایم این ایس نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کا الٹی میٹم دے دیا، انکا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکار اڑتالیس گھنٹے میں بھارت چھوڑ دیں، ورنہ نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔
ایم این ایس کے رہنما کا کہنا تھا اگر پاکستانی آرٹسٹ نہیں گئے تو انہیں نکال باہر کریں گے۔
بھارتی صحافی کی فواد خان کو دھمکی
دوسری جانب بھارتی صحافی بھی انتہا پسند تنظیموں کی زبان بولنے لگے، صحافی اور بلاگر سومیادپتا بینر جی نے پاکستانی اداکار فواد خان کو بھارت چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے فلم نگری سے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ فواد پر چند سالوں میں ہم نے بہت محبت نچھاور کی ہے جس سے کسی صورت انکار نہیں کرسکتے لیکن موجودہ کشیدگی میں فواد نے خود کو الگ رکھا ہے ۔ اس لئے ڈیئر فواد اب وقت ہے کہ آپ اپنے وطن واپس جائیں۔
مزید پڑھیں: شیو سینا کی دھمکی، استاد غلام علی کا کنسرٹ ملتوی
واضح رہے کہ پاکستانی اداکاروں کیلئے دھمکی نئی نہیں، ماضی میں بھی انتہا پسند تنظیمیں دھمکیاں دے چکی ہیں، معروف غزل گائیک غلام علی کو متعدد بار بھارت میں کنسرٹ سے روکا گیا۔
مزید پڑھیں : ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی پاکستانی اداکار فواد خان اور مائرہ خان کو بھی دھمکیاں
سابق پاکستانی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کی تقریب رونمائی روکنے کے لئے شیو سینا نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے، معروف گلوکار عاطف اسلم کا پونے میں کانسرٹ روکا گیا جبکہ گزشتہ سال شیو سینا کے شدت پسند وں نے پاکستانی میوزیکل بینڈ میکال حسن کی پریس کانفرنس پر حملہ کیا۔